LIVE

پاکستان کورونا وائرس کا بہت اچھا مقابلہ کر رہا ہے، صدر عارف علوی

ویب ڈیسک
April 29, 2020
 

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کا بہت اچھا مقابلہ کر رہا ہے، ہماری ضرورت ہے کہ زرعی شعبوں کی بندشوں کو کم رکھیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے  پر کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کوروناکی وبا سے نمٹنے کے لیے حکومت بلوچستان کے اقدامات تسلی بخش ہیں، وفاقی وصوبائی حکومتیں کورونا کی روک تھام کے لیے مربوط لائحہ عمل جاری رکھیں۔

صدر پاکستان نے حکام کو ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن کے دوران غریب افراد کی معاونت کو یقینی بنایاجائے۔

 اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کورونا کے مقابلے میں ہماری طاقت بہتر ہوتی جارہی ہے، لاک ڈاؤن کتنا ہونا چاہیے یہ بحث دنیا کے ہر ملک میں ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین میں بھی لاک ڈاؤن کے ضابطہ کار  7 بار بدلے گئے تھے، ہماری ضرورت ہے کہ زرعی شعبوں کی بندشوں کو کم رکھیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہیے،پاکستان کورونا وائرس کا بہت اچھا مقابلہ کر رہا ہے، ہمیں پوری امید ہے کہ پورا ملک کوروناکی صورتحال کا مقابلہ کرلےگا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعدادساڑھے 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جن میں سے 343 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔