LIVE

رائیونڈ میں کم سن دوستوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے 5 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا

میاں عابد
May 02, 2020
 

ابتدائی طور پر پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھاکہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے،فوٹو:سوشل میڈیا 

لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ میں 5 سالہ بچے کی موت کی تحقیقات میں افسوس ناک انکشاف سامنے آیا ہیں۔

 رائیونڈ  کے علاقے وطنہ پنڈ کا رہائشی 5 سالہ حسنین علی گذشتہ شام کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا اور تلاش کے بعد گاؤں کے باہر کھیتوں سے اس کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

ابتدائی طور پر پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھاکہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے تاہم  پوسٹ مارٹم اور تحقیقات کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ حسنین اپنے ہی کم سِن دوستوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے جاں بحق ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق حسنین اپنے دوستوں کے ساتھ کھیت میں کھیل رہا تھا کہ اس دوران ایک دوست نےحسنین کے منہ اور ناک میں مٹی ڈال دی جس کے باعث اس کا دم گھٹ گیا۔

ننھے حسنین کے دوستوں کی عمریں 5 سے 8 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں،پولیس نے حسنین کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالےکردی ہے۔