LIVE

پرائیوٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان مسترد کردیا

ویب ڈیسک
May 11, 2020
 

احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہفتے میں 4 دن روزانہ دو شفٹ میں اسکول کھولے جا سکتے ہیں: چیئرمین آل سندھ پرائیوٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن— فوٹو:فائل 

آل سندھ پرائیوٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے وفاق کا تعلیمی اداروں کی طویل بندش اور امتحانات کی منسوخی کا اعلان مسترد کر دیا۔

آل سندھ پرائیوٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی طویل بندش اور امتحانات کی منسوخی کااعلان مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے میں 4 دن روزانہ دو شفٹ میں اسکولز کھولے جا سکتے ہیں جبکہ امتحانات بھی احتیاطی تدابیر اور نئے شیڈول کے ساتھ منعقد ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اسکول کی پہلی شفٹ کا وقت صبح 7:30 سے 10:30 تک ہوسکتا ہے جبکہ دوسری شفٹ 11:00 بجے سے دوپہر 2:00 بجے تک ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکول 15 جون سے کھولنے کی اجازت دی جائے۔

چیئرمین کا کہنا تھا کہ  اسکولوں میں تھرمل اسکینر اور سینیٹائزنگ واک تھرو گیٹ لگائے جائیں اور ہر بچے اور اسٹاف کے لیے ماسک کا انتظام کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتیاط کے طور پر ایک ڈیسک پر ایک بچے کو بٹھایا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کورونا وائرس کے باعث وفاقی حکومت نے تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ صورتحال کی وجہ سے بورڈز کے امتحانات ملتوی نہیں بلکہ ختم کردیے ہیں جس کے بعد اب نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات نہیں ہوں گے۔

شفقت محمود نے کہا تھا کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کےطلبہ کو سابقہ نتائج پر اگلی کلاسز میں ترقی دی جائے گی۔