LIVE

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کورونا سے صحتیاب، اسپتال سے گھر منتقل

ویب ڈیسک
May 12, 2020
 

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں اور ان کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میری کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے جس کے بعد اسپتال سے گھر منتقل ہو چکا ہوں اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے بچوں کی رپورٹ کل تک آجائے گی، سب لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری صحتیابی کیلئے دعا کی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپیکر اسد قیصر کو اسپتال سے اسپیکر ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ طبیعت میں بہتری آنے کے بعد جلد ہی اپنے فرائض کی انجام دہی شروع کر دیں گے۔

خیال رہے کہ 30 اپریل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ گھر میں ہی قرنطینہ میں  تھے جبکہ ان کے خاندان کے افراد میں بھی مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ 

بعدازاں  اسد قیصر کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ 

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بغیر گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا جس میں مہلک وائرس کی صورتحال پر بحث کی گئی اور اِس اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کی تھی۔