LIVE

آٹا چینی بحران پر ہٹائے گئے وفاقی سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی ایم ڈی پیپرا تعینات

آصف علی بھٹی
May 30, 2020
 

 وزیراعظم نے  آٹا چینی بحران رپورٹ کے بعد ہاشم پوپلزی کو بھی سیکرٹری فوڈکےعہدے سے ہٹا دیا تھا،فوٹو:فائل

 آٹا چینی بحران پر ہٹائے گئے وفاقی سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی کو  منیجنگ ڈائریکٹر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) تعینات کردیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ہاشم پوپلزئی کو ایم ڈی پیپرا تعینات کرنے کی سمری کی منظوری دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  سابق سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی آئندہ برس ریٹائر ہو رہے ہیں اور انہیں آج ریٹائرمنٹ سے قبل ہی 3 سال کے لیے ایم ڈی پیپرا لگانےکی منظوری دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 4 اپریل کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے آٹا و چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لائی گئی تھی۔

رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ میں دیگر تبدیلیوں کے ساتھ وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک اور تحقیق خسرو بختیار کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں وزارت اقتصادی امور دے دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے سیکرٹری فوڈ ہاشم پوپلزئی کوذمہ دار قرار دے کرفوری ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

 وزیراعظم نے رپورٹ کے بعد ہاشم پوپلزی کو بھی سیکرٹری فوڈکےعہدے سے ہٹا دیا تھا اور عمر حمید کو ان کی جگہ تعینات کیا تھا۔