LIVE

چینی کمیشن کی رپورٹ پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا: شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک
May 31, 2020
 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی کمیشن کی فارنزک رپورٹ کے تحت کسی کے ساتھ بھی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا جو بھی ذمہ دار ہوگا اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  چینی کمیشن کی فارنزک رپورٹ سامنے آچکی ہے اور یہ پہلی حکومت ہے جس نے کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاشت کار کو کم قمیت اور غریب کو مہنگی چینی دینے والوں کو جواب دینا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ تنقید اپوزیشن کا حق ہے، اپوزیشن سے درخواست کروں گا کہ اسمبلی میں آئیں اور مثبت تجاویز بھی دیں۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری مظالم کو جنیوا میں انسانی حقوق تنظیم کے سامنے رکھا ہے، اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں  بھارتی انتہاپسندوں کی سوچ دنیا کے سامنے ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھی آگاہ کیا ہے۔