LIVE

آئندہ مالی سال کے ٹیکس اہداف پر ایف بی آر اور وزارت خزانہ میں اختلافات

ویب ڈیسک
June 03, 2020
 

آئندہ مالی سال کے ٹیکس اہداف پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور وزارت خزانہ میں اختلافات سامنے آ گئے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کو آئندہ مالی سال کے لیے 4700ارب روپے کا ٹیکس ہدف تحریری طور پر دے دیا گیا ہے تاہم ایف بی آر نے 4700 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کے حصول کو مشکل قرار دے دیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف بی آر آئندہ مالی سال کے دوران ٹیکس ہدف 4400 ارب روپے رکھنا چاہتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اگلے مالی سال کے لیے 5100 ارب روپے کا ٹیکس ٹارگٹ مقرر کرنا چاہتا ہے۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں لاک ڈاون برقرار رہ سکتاہے اور ٹیکس وصولیوں کا انحصار لاک ڈاون کے مکمل خاتمے پر ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا بتانا ہے کہ معاشی سرگرمیوں میں دوسری سہ ماہی کے دوران بحالی کا امکان ہے تاہم اگلے مالی سال کے دوران معاشی سست روی برقرار رہے گی اور سست روی برقرار رہنے سے ٹیکس وصولیوں میں واضح کمی آتی ہے۔