LIVE

کیسز کے انبار لگے ہیں، شریف خاندان چینی اسکینڈل میں بھی نہیں بچے گا: شیخ رشید

ویب ڈیسک
June 06, 2020
 

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پولیس پیچھے لگی ہو تو سیاستدان خود گرفتاری دے دیتے ہیں لیکن شہباز شریف نیب کے چھاپے کے وقت گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے بیٹھے تھے۔

شیخ رشید کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ شہبازشریف پچ کے دونوں طرف کھیلنے کے عادی ہیں،  ان کا کیس سنجیدہ ہے اور انھیں جیل جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مفاہمتی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور  عمران خان کو کوئی دلچسپی نہیں، نیب چھاپے کے دوران شہباز شریف گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے بیٹھے تھے، یہ کیا لیڈر شپ دیں گے؟ یہ نالائق، نااہل، نکھٹو اور بزدل ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیں دیکھ رہا، اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا میڈیا کھیلنے کے سوا کوئی کام نہیں۔

ملک میں پیٹرول کی قلت کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ پیٹرول سستا ہو کر دوبارہ مہنگا ہونے جا رہا ہے اس لیے ذخیرہ اندوز انتظار کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی رپورٹوں پر کچھ ریگ مال ضرور پھیرا گیا ہے، لیکن میں اس بات کا حامی ہوں کہ جو چلاگیا، چلا گیا، جان چھڑاؤ۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے، ان کی کمپنی پر ریجیکٹڈ کا ٹھپہ لگ رہا ہے،کیسز کے انبار لگے ہوئے ہیں، یہ خاندان چینی اسکینڈل میں بھی نہیں بچے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ باہر زندگی گزارنا مشکل کام ہے، یہ ویسے ہی تصویروں میں واک، چائے نظر آتی ہے، حقیقت میں تو ان کے رِنگ پسٹن خراب ہو چکے، انجن دھواں دے رہا ہے، تصویر پر نہ جائیں، نواز شریف سے کوئی پوچھے ان پر کیا گزر رہی ہے۔

آٹے اور چینی بحران کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ضرور ہو گی، وزیراعظم عمران خان چینی مافیا کو کیفر کردار تک پہنچانے پر تلے بیٹھے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز میں حکومت وہی کرے گی جو سپریم کورٹ کا فیصلہ ہو گا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے 8 ڈرون حملے کیے، چین سے بھارت نے کوئی پنگا نہیں لیا، بھارت نے اگر پنگا لینا ہے تو ہم سے لے گا اور اس بار ہم بھارت کو کرارا جواب دیں گے۔