LIVE

وسیم خان کا پی سی بی ویلفیئر فنڈ میں 15 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان

سہیل عمران
June 06, 2020
 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اپنے ذاتی اخراجات میں سے 15 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے جو مالی مسائل سے دوچار سابق کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈز مین کی امداد کے لیے خرچ ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کو حالیہ دنوں میں ملازمین کو نکالنے اور پھر رکھنے اور بڑے عہدیداروں کی بڑی تنخواہوں کی وجہ سے بڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔

ملازمین نکالنے کے فیصلے پر پہلے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے افسوس کا اظہار کیا اور معذرت کی اور اب فنڈ میں عطیہ کرنے کا بھی اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا ہےکہ مشکلات میں گھرے ہوئے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈ اسٹاف کی مالی معاونت کرنے کافیصلہ میں نے ذاتی حیثیت میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میری طرف سے چیئرمین ویلفیئر فنڈ میں ایک چھوٹا سا حصہ ہے جو پہلے ہی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈاسٹاف کی مدد کرنے کے لیے قائم کیا جاچکا ہے۔

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ کرنا ماضی میں روایت رہی ہے مگراس کے برعکس ہم نے آئندہ 12 ماہ کے لیے اپنے اخراجات کو مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف ایک لاکھ روپےیا اس سے کم تنخواہوں والے ملازمین کے معاوضوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہےجس پر عملدرآمد یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ وسیم خان کے اس عمل کی تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیم خان کی جانب سے آگے بڑھ کر مثال قائم کرنا قابل ستائش ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ وسیم خان نے ہمیشہ پاکستان کی کرکٹ سے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ بھی اسی کی ایک مثال ہے۔