LIVE

تباہ شدہ جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور وائس ریکارڈر سے اہم معلومات مل گئیں

ویب ڈیسک
June 06, 2020
 

یورپی طیارہ ساز کمپنی ائیربس نے کہا ہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے)  کے طیارے کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر سے تحقیقات کے لیے اہم معلومات ملی ہیں۔

خیال رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا اے- 320 طیارہ لینڈنگ سے چند سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

حادثے کی تحقیقات میں پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت  اے-320 طیارہ بنانے والی یورپی کمپنی ائیربس کے ماہرین بھی حصہ لے رہے ہیں۔

ائیر بس کے چیف پروڈکٹ سیفٹی آفیسریانک مالینج کی جانب سے پی آئی اے سمیت  اے-320 استعمال کرنے والی تمام ائیرلائنز کو خط لکھا گیا ہے جس میں طیارہ حادثے کی تحقیقات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات میں پاکستانی ائیرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے نمائندے بھی شریک ہیں، ہم تفتیشی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔

ائیر بس کے مطابق تباہ شدہ جہاز کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کا تجزیہ کیا گیا اور سناگیا ہے، فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر سے تحقیقات کے لیے اہم معلومات ملی ہیں۔

خط کے متن کے مطابق ائیربس کے پاس اس مرحلے میں آپریٹرز کے لیےکوئی خاص حفاظتی سفارشات نہیں ہیں۔