LIVE

اسٹیل ملز ملازمین کی قسمت کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی

ویب ڈیسک
June 06, 2020
 

پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

گزشتہ دنوں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی اصولی منظوری دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ گولڈن ہینڈشیک لینے والے ملازمین کو تمام واجبات فوری ادا کیے جائیں گے جبکہ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ اسٹیل مل ملازمین کو پیکج کے تحت اوسطاً 23 لاکھ فی ملازم ملیں گے۔

پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ 

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 9 جون کو طلب کرلیا اور کابینہ کے ایجنڈے میں اسٹیل ملز ملازمین کو فارغ کرنے سے متعلق معاملہ بھی شامل ہے۔

 وفاقی کابینہ میں ای سی سی کے 3 جون کے فیصلے کی سمری توثیق کیلئے پیش کی جائے گی، کابینہ ملازمین کو گولڈن ہینڈ شک دینے کی تجویز پربھی غور کرے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز 10 جون 2015 سے بند ہے اور 230 ارب کا مقروض ہوچکا جبکہ اسٹیل ملز کے قرضے میں ہر ماہ 2 ارب روپے کا اضافہ ہورہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بند اسٹیل ملز کے ملازمین کی ماہانہ تنخواہ 35 کروڑ روپے بنتی ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بھی پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو نکالنے کا کیس سماعت کیلئے مقرر کیا ہے جس پر چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 9 جون کو سماعت کرے گا۔