LIVE

بینظیر بھٹو کیخلاف ٹوئٹس: سنتھیا رچی کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

ویب ڈیسک
June 06, 2020
 

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)  اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی نے امریکی خاتون  سنتھیا رچی کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر سیشن کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی۔ 

شکیل عباسی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ سنتھیا ڈی رچی نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی، ایف آئی اے نے امریکی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنےکی درخواست پرکارروائی نہیں کی لہٰذا عدالت ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کو امریکی خاتون کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم دے۔

عدالت نے درخواست پر سنتھیا رچی کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔ 

 سنتھیا رچی کے  علاوہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائمز اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

شکیل عباسی کا جیو نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے مقدمہ درج نہیں کیا، اس لیے 22 اے کے تحت عدالت سے رجوع کیا جس پر امریکی خاتون، ایف آئی اے اور ایس ایس پی اسلام آباد کو طلب کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی شہری سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف الزامات کی بوچھاڑکی تھی۔

انھوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔

دوسری جانب یوسف رضا گیلانی نے امریکی شہری کےالزامات کو گھٹیا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔