LIVE

سنتھیا کے جھوٹے الزامات کا مقصد سیاسی قیادت کو لوگوں کی نظروں میں گرانا ہے: سعید غنی

ویب ڈیسک
June 07, 2020
 

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے امریکی خاتون سنتیا رچی کے حوالے سے کہا  ہے کہ مشکوک کردار کی خاتون کی جانب سے جھوٹے الزامات لگانا سیاسی قیادت کو لوگوں کی نظروں میں گرانے کا منصوبہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک خاتون کو سامنے لایا گیا ہے اور کہانیاں بنا کر سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن ہمیں ملکی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون جوکہہ رہی ہیں وقت ثابت کرے گاکہ کتناسچ ہے، خاتون کی جھوٹی باتوں کو اتنی اہمیت دی جارہی ہےکہ ہم کورونا اور ٹڈیوں کو بھول گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ خاتون کاکردار خود بڑا مشکوک ہے، کبھی اسرائیل تو کبھی بھارت جاتی رہی ہے، اگریہ خاتون سچی ہے تو عدالت میں جائے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ تماشہ چلتا رہا تو کل کوئی دوسری اور پرسوں تیسری جماعت نشانے پر ہوگی، حکومت میں بیٹھے لوگوں کی کارستانیاں ڈھکی چُھپی نہیں، کل سچے الزامات لگے تو جان نہیں چُھڑاسکیں گے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی شہری سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف الزامات کی بوچھاڑکی تھی۔

انھوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔

اس سے قبل سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے بھی متنازع اور نامناسب ٹوئٹ کی تھیں۔

امریکی خاتون کے الزامات پر پیپلز پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کیلئے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے جس پر سنتھیا کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔