LIVE

ریلوے کو خسارے سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،وزیراعظم

ویب ڈیسک
June 11, 2020
 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ریلوے کو منافع بخش ادارے میں بدلنا اور اسے خسارے سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اسلام آباد میں وزیرِاعظم کی زیرصدارت پاکستان ریلویزکی تنظیم نومیں پیش رفت سےمتعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ریلویز نے  ادارےکی تنظیم نو،ادارے میں آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن سےمتعلق بریفنگ دی۔

سیکرٹری ریلویز  نے پاکستان ریلویزکے اثاثوں کے بہتر انتظام، ایم ایل ون میں پیش رفت ،ریلوے میں نجی شعبےکی شمولیت اور ریلویز کے مجوزہ منصوبوں پر بھی بریف کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریلوے عوام کو آمدورفت کا بہترین محفوظ اور سستا ذریعہ فراہم کرتا ہے اس لیے اسے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے تنظیم نو اور اس میں تبدیلی کا عمل صرف اس وقت مکمل ہوگا جب عوام خود اس تبدیلی کو محسوس کریں گے اور اس سے مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم نے نجی شعبے کے تحت ریلوے کے انتظام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ 15 ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔

ایم ایل ون منصوبے پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ یہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے اس منصوبے کے تناظر میں ریلوے کی تنظیم نو مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسے جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراک کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جاسکیں۔