LIVE

اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں: وزیرخارجہ

ویب ڈیسک
June 16, 2020
 

ہرگز ہم کسی عرب ملک کے زیراثر اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے: شاہ محمود قریشی— فوٹو:فائل 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔

اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم دو ریاستی نظریے کے کل بھی حمایتی تھے اور آج بھی ہیں لہٰذا واضح طور پر کہتا ہوں پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے نہیں جارہا۔

انہوں نے کہا کہ ہرگز ہم کسی عرب ملک کے زیراثر اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، حکومت کا فلسطین پر وہی مؤقف ہے جو مسلم لیگ ن اور پی پی پی کا مؤقف تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل چاہتے ہیں اور ہمارا مؤقف ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہو۔

بھارت کے حوالے سے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ میں نے بھارت کے سلامتی کونسل کے مستقل رکن بننے کی بات کی ہی نہیں، بھارت کے لیے جو تائید اور کوشش کرتے رہے ہیں، ان سے ہم متفق نہ پہلے تھے نہ اب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے یواین سلامتی کونسل میں مستقل رکن بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارت پہلے بھی 7 مرتبہ سلامی کونسل کا غیر مستقل ممبر رہا جب کہ پاکستان بھی 7مرتبہ ممبر رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اب تک اسرائیل کو  تسلیم نہیں کیا ہے۔