LIVE

کورونا ایس او پیز کے باوجود شادی کی تقریب، اراکین اسمبلی کی بھی شرکت

ویب ڈیسک
June 19, 2020
 

مظفرگڑھ میں کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی بڑی تقریب منعقد  کی گئی جس میں اراکین اسمبلی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق  مظفرگڑھ کے علاقے کرمداد قریشی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سابق یوسی ناظم سلیم گرمانی کے بیٹے کی شادی کی بڑی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں پیپلزپارٹی کے ایم این اے ملک رضاربانی کھر اور تحریک انصاف کےایم پی اے میاں علمدار عباس بھی شریک ہوئے اور سیکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر منتظمین کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی پولیس کی جانب سے کوئی اور کارروائی عمل میں لائی گئی۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا شعیب کے مطابق شادی کی تقریب اتوارکو ہوئی لہٰذا آئندہ خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ملک کےمختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جب کہ اس دوران سماجی فاصلے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اجتماعات اور تقریبات پر پابندی ہے۔