LIVE

ضابطہ کار کے تحت اسکول کھولنے پر غور کیا جارہا ہے: شفقت محمود

ویب ڈیسک
June 22, 2020
 

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت اسکول کھولنے پر غور کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اسکولز کھولنے کے معاملے پر اعلی سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ضابطہ کار کے تحت اسکولز کھولنے کے معاملے پر حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، مدارس اور پرائیویٹ اداروں سے تجاویز طلب کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق 70 فیصد والدین بچوں کو اسکول بھیجنا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکولوں کو کھولنے کے معاملے پر یونیسف سے بھی رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ پہلے تعلیمی اداروں کو 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس میں اب مزید ڈیڑھ ماہ کی توسیع کررہے ہیں جس کے بعد تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔