LIVE

واوڈا کی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں، حکومتی کارکردگی پر تحفظات سے آگاہ کیا

ایاز اکبر یوسف زئی
June 24, 2020
 

ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا نے گذشتہ روز کابینہ اجلاس میں وزراءکےخلاف بات کرنے کی وجوہات سے اپنی قیادت کو آگاہ کیا،فوٹو:فائل

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

 فیصل واوڈا  نے اسلام آباد میں پہلے وزیراعظم عمران خان اور  پھر صدر مملکت عارف علوی  سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا نے گذشتہ روز کابینہ اجلاس میں وزراءکےخلاف بات کرنے کی وجوہات سے اپنی قیادت کو آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا نے ملاقاتوں میں ملکی حالات،حکومتی کارکردگی اور بعض کابینہ ارکان پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا نے بعض وزراء کی کارکردگی کے بارے میں اپنی معلومات بھی فراہم کیں۔

 صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کو کراچی کے مسائل پر آگاہ کیا ہے اور ان سے کراچی کی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کی ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق انہوں نے دیامر بھاشا ڈیم کے ترقیاتی کام کے حوالے سے بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  فیصل واوڈا،  اسد عمر اور شاہ محمود قریشی پر برس پڑے تھے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آپ دونوں تو وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں، اس میں کیا شک ہے؟ آپ کی لڑائی سے حکومت کا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے ساتھی وزراء پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ میں 'سب اچھا 'کی رپورٹ دی جاتی ہے جب کہ کارکردگی کچھ اور ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فیصل واوڈا کو مزید بات کرنے سے روکتے ہوئے وزراء کو 6 ماہ میں کارکردگی بہتر بنانے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔