LIVE

بلاول کا اختر مینگل کو فون، بجٹ اور 18 ویں ترمیم پر حملوں پر گفتگو

ویب ڈیسک
June 27, 2020
 

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی- مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل کو ٹیلی فون کیا اور بجٹ پر مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا۔

بلاول بھٹو زرداری اور اختر مینگل کے درمیان18ویں آئینی ترمیم پرحملوں کا معاملہ بھی زیربحث آیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو کی۔

بلاول اور اختر مینگل نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور  اگلے ہفتے کل جماعتی کانفرنس(اے پی سی) بلانے کے معاملے پر بھی مشاورت کی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ عوام دشمن ہے، ہم اسے کسی صورت نہیں مان سکتے، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آج کورونا ہر جگہ پھیل چکا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرکے عمران خان دستورِ پاکستان پر حملے کررہے ہیں، وزیراعظم کو اپنی نااہلی کا عوام کو حساب دینا ہوگا۔