LIVE

طالبات کو ہراساں کرنے کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنائیں گے، ترجمان پنجاب حکومت

ویب ڈیسک
July 02, 2020
 

لاہور کے معروف نجی اسکول میں طالبات کو جنسی ہراساں کرنے کے معاملے پر ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید نے کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنائیں گے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو صرف اسکول سے فارغ کرنے پر معاملہ نہیں رکے گا، جنھوں نے معاملے کو دبانے اور چھپانے کی کوشش کی ان کو بھی سزا دی جائے گی۔

مسرت جمشید کا کہنا تھا کہ اس واقعے کو ہم عبرت کا نشان بنائیں گے ،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکول کے طلبہ سے متعلق والدین پر بھی ذمہ داری ہے ، والدین کے لیے بھی ضروری ہے کہ کہ طلبہ کو تربیت دیں اور ان کا خیال رکھیں۔

خیال رہے کہ غالب مارکیٹ لاہور میں واقع معروف انگلش میڈیم اسکول کی طالبات نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا ٹیچر کلاس میں انہیں گھورتا تھا اور پرائیوٹ اعضاء کو چھونے کی کوشش کرتا تھا جب کہ  اسکول کا اکاؤنٹنٹ بھی رات اکٹھے گزارنے کا کہتا اور انکار پر دھمکی بھی دیتا تھا۔

طالبات کے مطابق انہوں نے اپنی خاتون ٹیچر کو آگاہ کیا لیکن انہوں نے بھی ساتھ نہ دیا اور خاموش رہنے پر زور دیا۔

طالبات کی شکایت کے بعد انتظامیہ نے انکوائری کی اور کلاس ٹیچر سمیت 4 ملزمان کو ملازمت سے نکال دیا تاہم اسکول انتظامیہ نے پولیس سے اس معاملے کو چھپایا اور انہیں اطلاع نہیں دی۔

اسکول کی ڈائریکٹر کا کہناہےکہ طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے پر پرنسپل ، ایڈمنسٹریٹر اور کوآرڈینیٹر کو بھی معطل کر دیا ہے،برطرف ملازمین پرالزام ثابت ہوا تو مزید کارروائی کریں گے۔