LIVE

وزیراعظم عمران خان کا ملک بھر میں 15 نیشنل پارکس بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک
July 02, 2020
 

وزیراعظم عمران خان نے  ماحول کے تحفظ  کے لیے ملک بھر میں 15 نیشنل پارکس بنانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں نیشنل پارکس منصوبے کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی کے تناظر میں ماحول کا تحفظ ضروری ہے ، 15 نیشنل پارکس بنانے کا فیصلہ آئندہ نسلوں کے لیے بڑا قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگوں کو پتا ہی نہیں کہ اس ملک کو اللہ نے کتنے وسائل دیے ہیں، اب تک کسی حکومت نے ماحولیاتی منصوبوں کو ترجیح نہیں سمجھا،شہروں کے لیے ماسٹر پلان بنائے جائیں ، شہر تباہ ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نےسیاحتی مقام گلیات اور مری کو تباہ ہوتے دیکھا ہے ،گائیڈ لائنز دیں گے کہ کیسے نیشنل پارکس کو محفوظ بنانا ہے،قوانین بننے تک کوئی نیا علاقہ نہیں کھولا جائے گا،نیشنل پارکس سے مقامی نوجوان کو روزگار ملے گا تو وہ ان پارکس کا تحفظ کریں گے۔