LIVE

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں اور بونداباندی، موسم خوشگوار

ویب ڈیسک
July 05, 2020
 

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج رات سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں اور بونداباندی ہوئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار، احسن آباد، گلشن اقبال اور نارتھ کراچی میں بوندا باندی ہوئی۔  

بدین سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

بدین کے علاقوں گولاڑچی، گراری اور احمد راجو سمیت ساحلی پٹی پر تیز بارش ہوئی جب کہ ترائی، کڑیو گہنور اور نواحی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔

سندھ میں آج رات سے منگل تک بارش کا امکان

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ میں آج رات سے منگل تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے  اور  بارش برسانے والا سسٹم آج رات تک بھارتی گجرات سے تھرپارکر میں داخل ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سانگھڑ، میرپورخاص،  تھرپارکر، عمرکوٹ، جامشورو اور دادو میں آج رات سے تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جو 6 جولائی سے 8 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہ  سکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں معتدل اور کچھ مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی، ٹھٹھہ، حیدر آباد، اور بدین میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔