LIVE

فواد چوہدری کا برطانیہ سے نواز شریف اور بانی ایم کیو ایم کی پاکستان حوالگی کا مطالبہ

ویب ڈیسک
July 06, 2020
 

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے  برطانوی حکومت سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو پاکستان کے حوالے کر نے کا مطالبہ کردیا۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی حکومت نواز شریف اور بانی ایم کیو ایم کو پاکستان کے حوالے کرے،  یہ ملزمان پاکستان کی عدالتوں کو مطلوب ہیں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ان دونوں افراد کا برطانیہ میں قیام انصاف کے بنیادی اصولوں کی پامالی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گذشتہ دنوں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی ہے جب کہ بانی ایم کیو ایم اوردیگر رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب  سابق وزیر اعظم نواز شریف پر چوہدری شوگر ملز کیس اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے مقدمات ہیں جن میں سے  العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں انہیں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا ہوئی ہے۔

سابق وزیراعظم  عدالتوں سے طبی بنیاد پر ضمانت کے بعد حکومتی اجازت سے 19 نومبر 2019 سے علاج کے لیے لندن میں مقیم ہیں۔