LIVE

متنازع بل کا فیصلہ ہونے تک بل جمع نہ کرائیں، بجلی بھی نہیں کٹے گی، نیپرا

ویب ڈیسک
July 16, 2020
 

 نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے خلاف شکایات کے اندراج کیلئے کراچی میں دفترقائم کردیا۔

نیپرا کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین کے الیکٹرک کے خلاف شکایات کراچی میں قائم دفتر میں درج کراسکتے ہیں۔

نیپرا کے اعلامیے کے مطابق نیپرا دفتر کی جانب سے متنازع بلوں کافیصلہ ہونے تک صارف کے الیکٹرک کا بل جمع نہیں کرائےگا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ متنازع بل کافیصلہ آنے تک کے الیکٹرک صارف کی بجلی بھی منقطع نہیں کرےگی۔

واضح رہےکہ کراچی میں 8 سے 10 گھنٹے کی بدترین اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جب کہ بجلی کی بندش سے پانی کا بحران بھی جنم لے چکا ہے اور کے الیکٹرک نے فیول و گیس کی کمی کا بہانہ بناکر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

کراچی میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا تھا جب کہ نیپرا کی جانب سے  معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جو کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کی تحقیقات کررہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے نوٹس اور گورنر سندھ اور وفاقی وزراء کے دعووں کے باوجود کراچی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے،  صنعتی علاقوں میں بھی طویل لوڈ شیڈنگ کی شکایات ہیں اور بجلی کے بغیر شہر میں زندگی کا ہر شعبہ جام ہوکر رہ گیا ہے۔