LIVE

جون سے جولائی کے درمیان کورونا کے مثبت کیسز میں 50 فیصد کمی

خاور خان
July 16, 2020
 

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے اور یومیہ ٹیسٹنگ میں مثبت کیسز کی تعداد کم ہو رہی ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے ساڑھے 3ماہ کی جائزہ رپورٹ تیار کرکے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کو پیش کی ہے۔

جائزہ رپورٹ میں 29 اپریل سے 12جولائی تک کےکیسزکو شامل کیاگیا ہے اور رپورٹ میں 3 دن کے اوسط کیسز پر نتائج تیارکیےگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 29 اپریل کو ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.21فیصد تھی جوکہ 14جون کو  دگنی ہو کر 22.45 فیصد تک جاپہنچی۔

جائزہ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ  جون سے جولائی کے درمیان مثبت کیسز میں 50 فیصد کمی ہوئی ہے اور 12 جولائی کوکوروناکےمثبت کیسز کی شرح واپس کم ہوکر 11.44فیصد پر آگئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس وقت کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 5 ہزار 443 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

11 جولائی کو جاری گئی گئی وفاقی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ میں بھی 56 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور یومیہ ٹیسٹنگ 43 ہزار 636 سے کم ہوکر 24 ہزار 496 پر آگئی ہے۔