LIVE

کراچی: لانڈھی میں آگ لگنے سے دو فیکٹریاں مکمل جل گئیں

طلحہ ہاشمی
July 20, 2020
 

کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسییسنگ زون میں آگ لگنے سے دو فیکٹریاں مکمل طور پر جل گئیں۔ 

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں قائم ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں گزشتہ شام چھ بجے سے تین فیکٹری میں لگنے والی لگنے والی آگ پر 16 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا ہے، آگ لگنے سے گتا بنانے اور گاڑمنٹس کی فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں قائم گتے کی فیکٹری میں آگ لگی  جس کے بعد آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے اطراف میں قائم دو فیکٹریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگنے کے وقت فیکٹریوں میں مقامی اور غیرملکی افراد بھی موجود تھے، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، امدادی ادارے، پولیس اور رینجرز بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور فیکٹریوں میں موجود تمام لوگوں کو بحفاظت باہر نکال کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا تاہم آگ میں شدت ہونے کے باعث آگ کو تیسرے درجہ کی قرار دے دیا گیا۔

فیکٹریوں میں لگی آگ کو 16 گھنٹے گزر جانے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا ہے، 12 واٹر باوزر، 12فائر ٹینڈرز اور اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

 آگ میں شدت ہونے کے باعث دو گتے کی اور گاڑمنٹس کی فیکٹری تباہ ہوگئیں جب کہ پلاسٹک بنائے والی فیکٹری کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔