LIVE

ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15ستمبرکو ہی کھلیں گے، چاروں صوبوں کا فیصلہ

ویب ڈیسک
August 05, 2020
 

وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے  اجلاس میں فیصلہ کیا  گیا ہے کہ ملک بھرکے تعلیمی ادارے 15 ستمبرکو ہی کھولے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شفقت محمود کی زیر صدارت انٹر پروونشنل آن لائن ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں تمام صوبوں کے وزراء اور سیکرٹری تعلیم شریک ہوئے۔

کانفرنس میں تعلیم کے حوالے سے اہم مسائل سمیت تعلیمی ادارے کھولنے پر مشاورت کی گئی۔

اس حوالے سے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متفقہ فیصلےکی روشنی میں سندھ میں بھی اسکول 15ستمبرسےہی کھلیں گے۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں خیبر پختونخوا حکومت نے یکم ستمبر سے اسکول کھولنےکی تجویزدی لیکن اس تجویز کو دیگر تمام صوبوں نے مستردکردیا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ 15ستمبر سے قبل سندھ میں کسی کو اسکول کھولنے کی اجازت نہیں، 15ستمبر سے قبل اسکول کھولنے والوں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے 15 اگست سے تمام اسکول کھولنےکا اعلان کیا تھا۔

 آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ آن لائن تعلیم اور تعلیم گھر ٹی وی فلاپ ڈرامے ہیں، حکومت 15 اگست سے اسکول کھولنے کا اعلان کرے ورنہ ہم خود اسکول کھول دیں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں کوروناوائرس کے باعث تعلیمی ادارے کئی ماہ سے بند ہیں، گزشتہ دنوں وفاقی و صوبائی حکومتوں نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔