LIVE

مشکوک لائسنس کا معاملہ: پی آئی اے کے معطل 28 پائلٹس بحال ہوگئے

طارق ابوالحسن
August 06, 2020
 

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے معطل 28 پائلٹس کو بحال کردیا۔

ائیرلائن ذرائع کا کہنا ہے کہ بحال ہونے والے پائلٹس کل سے فلائٹ ڈیوٹی شروع کردیں گے۔

خیال رہے کہ جعلی یا مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پی آئی اےکے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی اور انہیں معطل کردیا گیا تھا۔

جیو نیوز نے 262 مشکوک لائسنس کےحامل پائلٹوں کی لسٹ میں غلطیوں کی نشاندہی کی تھی، بعد ازاں پی آئی اے کے 141 ناموں میں سے کمی کرکے 101 پائلٹس کا نام دیا گیا تھا جس میں سے اب 28 کو بحال کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز میں مزید 8 پائلٹوں کو بحال کردیا جائے گا جب کہ بقیہ کیسز کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد امریکا ، برطانیہ اور یورپی یونین نے پی آئی کے کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ دیگر ممالک کی جانب سے بھی پاکستانی پائلٹس کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔