LIVE

کراچی میں کرنٹ لگنے کے حادثات کا کے الیکٹرک سے کوئی تعلق نہیں: ترجمان

ویب ڈیسک,ویب ڈیسک
August 08, 2020
 

کراچی میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں کرنٹ لگنے کے حادثات کا ہمارے انفرا اسٹرکچر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل کے دوران کل اور پرسوں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس دوران شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی لیکن اس کے باوجود کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کرنٹ لگنے کے حادثات افسوسناک ہیں، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کرنٹ لگنے کے واقعات کنڈوں کے استعمال کی وجہ سے پیش آئے، کسی حادثے کا تعلق کے الیکٹرک کے انفراسٹرکچر سے نہیں ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کرنٹ لگنے کے واقعات گھروں کی اندرونی ناقص وائرنگ سے پیش آئے، حادثات غیر قانونی کنڈوں اور برقی آلات کے غیر محفوظ استعمال سے پیش آتے ہیں۔