LIVE

پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر سمیت تین ارکان اسمبلی نیب میں طلب

عدنان ملک
August 08, 2020
 

فائل فوٹو

نیب لاہور نے کرپشن کے الزامات پر تحریک انصاف کے صوبائی وزیر سمیت تین ارکان اسمبلی کو طلب کرلیا۔

نیب لاہور نے سرگودھا سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی اورصوبائی وزیر محنت انصر مجید خان کو 19 اگست کو دوپہر 3 بجے طلب کیا ہے، انصر مجید خان پر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر میں کرپشن اوربے ضابطگیوں کاالزام ہے۔

رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ کو 17 اگست کو دن 11 بجے طلب کیا گیاہے، ان پر آمدن سے زائد اثاثہ جات اور محکمہ ریونیو بھکر میں کرپشن کا الزام ہے۔ 

لاہور سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکھر کو 13 اگست کو صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے، ان کو بھی آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے میں طلب کیا گیا ہے۔ 

ان ارکان کو نیب کے تفتیشی افسران کے روبرو پیش ہوکر اپنی صفائی دینے کے لیے بلایا گیا ہے جس کے لیے کال اپ نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔