LIVE

گاڑی کی بیٹری چوری کرنے کے الزام میں 2 بھائیوں پر برہنہ کرکے تشدد

ویب ڈیسک
August 08, 2020
 

خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے گاؤں جگوڑی میں گاڑی کی بیٹری چوری کر نے کے الزام میں گاؤں والوں نے 2 بھائیوں کو برہنہ کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ 

پولیس کے مطابق مانسہرہ کے تھانہ بٹل کی حدود میں واقع گاؤں جگوڑی میں گاؤں کے چند افراد نے رات کے اندھیرے میں ایک گاڑی سے بیٹری چوری کرنے کا الزام لگا کر دو بھائیوں کو سرعام برہنہ کیا۔

اس کے علاوہ گاؤں والوں نے دونوں بھائیوں پر بدترین تشدد کے بعد بھاری بیٹری ان کی کمر پر رکھ کر پورے علاقے میں گھمایا۔

واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صادق بلوچ نے نوٹس لے لیا اور پولیس تھانہ بٹل نے واقعے میں ملوث 7 افراد کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کر لیا جب کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔