LIVE

پارک لین ریفرنس: زرداری پر ویڈیو لنک سے فرد جرم عائد کرنے کیلئے انتظامات کی ہدایت

ویب ڈیسک
August 08, 2020
 

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج نے  پارک لین ریفرنس میں رجسٹرار نیب کورٹس کراچی کو خط لکھ کرسابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کےانتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے پارک لین ریفرنس میں نیب عدالت اسلام آباد کے جج نے خط لکھ کر کہا ہے کہ آصف زرداری اور انور مجید سمیت 5 ملزمان پر بذریعہ ویڈیو لنک فرد جرم عائد کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔

خط کے مطابق آصف زرداری کے لیے بلاول ہاؤس کراچی جب کہ  اومنی گروپ کے سربراہ  انور مجید کے لیے قومی ادارہ برائے امراض قلب(این آئی سی وی ڈی) میں ویڈیو لنک کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ دیگر 3 ملزمان کے لیے احتساب عدالت میں ویڈیو لنک کا انتظام کیا جائے اور ملزمان کی شناخت کا عمل بھی یقینی بنایاجائے۔عدالت نے قومی احتساب بیورو(نیب) کراچی کو رجسٹرار کے ساتھ مل کر انتظامات کرنے کی ہدایت ہے۔

یاد رہے کہ نیب نے یکم جولائی کو جعلی اکاؤنٹس کیس کے بعد پارک لین کیس میں بھی سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کیا تھا اور اس سے قبل وہ جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس کے اے ون انٹرنیشنل کیس میں گرفتار تھے۔

 11 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا، سابق صدر ضمانت پر رہائی کے بعد سے کراچی میں زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ پارک لین کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور انور مجید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ میں کئی بار توسیع کی گئی ہے جب کہ سابق صدر طبی بنیادوں پر ضمانت کے بعد کراچی میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت 2 ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔