LIVE

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان کا بالآخر مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ

آمنہ عامر
August 08, 2020
 

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان نے بالآخر مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان کا جیو نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں نے اپنا استعفیٰ لکھ کررکھ لیا ہے اور وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے پیریا منگل کو ملاقات کروں گا اور اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کروں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ کرپشن پربات کی تو منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور وزارت صنعت و پیداوار کے حکام میرے مخالف ہوگئے اور مجھ پر دباؤ ڈالنے کے لیے الزامات لگائے گئے۔

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کا کہنا تھا کہ میں بیرون ملک سے پاکستان میں بہتری لانے کے لیے آیا، میری ایک پہچان ہے اور اپنے اوپر ایسے الزامات نہیں لگنے دوں گا، میرے پاس کرپشن روکنے کے ایگزیکٹو اختیارات نہیں تو بہتر ہے  کہ مستعفیٰ ہوجاؤں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے انکشاف کیا تھاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر کروڑوں روپے کی چوریاں ہوتی ہیں، مہنگے داموں خریداری کی جاتی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کرپشن کا گڑھ ہے اور اس میں حکومتی شخصیات بھی ملوث ہیں جو ان پر مستعفی ہونے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہیں۔

اس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان نے ادارے میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کو خط بھی لکھا تھا۔