LIVE

سندھ میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے: امتیاز شیخ

ویب ڈیسک
August 09, 2020
 

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سندھ میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کا ذمہ دار وفاقی حکومت کو قرار دے دیا۔

صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ نے  وفاقی وزیر توانائی  عمر ایوب کے دورہ سندھ  پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سندھ میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔

 امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ بارش سے قبل حکومت سندھ کے خبردار کرنے کے باوجود کے الیکٹرک، حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) نے کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی اور وفاقی اداروں کی نااہلی اور لاپرواہی سے بارشوں میں نقصان ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر عمر ایوب نے کراچی آمد پر سندھ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کیا، لگتا ہے وفاقی وزیر اپنے نجی دورے پر کراچی آئے ہیں، ان کا گورنر ہاؤس کے اندر بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں، انتظامی اختیارات وزیراعلیٰ کے پاس ہوتے ہیں نہ کہ گورنر کے پاس۔

 خیال رہے کہ سندھ میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث متعدد افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوچکے ہیں اور صرف کراچی میں گذشتہ 4 روز کی بارش کے دوران 13 افراد  کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہارچکے ہیں۔