LIVE

نالوں میں پانی کی نکاسی میں بڑی رکاوٹ گرین لائن بن گئی: ناصر حسین

ویب ڈیسک
August 09, 2020
 

صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے ضلع وسطی میں نالوں میں پانی کی نکاسی میں بڑی رکاوٹ گرین لائن بن گئی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ضلع وسطی میں ایک طرف پہاڑی سے پانی آتا ہے تو دوسری طرف نالے ہیں اور جن نالوں میں پانی جانا ہوتا ہے وہاں پر سب سے بڑی رکاوٹ گرین لائن کی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین لائن کے اسٹیشن کی جگہ پر نالے تھے جن کو مکمل بند کردیا گیا، یہی مسئلہ کشمیر کالونی میں دیکھنے میں آیا کہ نکاسی کا کام تجاوزات کی وجہ سے نہیں ہوسکا اور پورے کے پورے نالوں پرتجاوزات کی گئی ہیں۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ بارشوں کے سیزن میں پانی آتا ہے اور کئی کئی دن تک رہتا ہے لیکن اس دفعہ بارشوں کے دوران صورتحال بہتر ہے کیونکہ سندھ حکومت نے کام کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کا زیادہ تر حصہ کنٹونمنٹ میں آتا ہے اور بہت سارے علاقے ریلوے، پورٹ قاسم، پاکستان ائیرفورس، ڈی ایچ اے میں آتے ہیں، یہ بہت بڑے علاقے ہیں جس کا ذمہ دار بھی سندھ حکومت کو ٹھہرایا جاتا ہے۔

وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ تین نالوں پر این ڈی ایم اے نے کام شروع کیا ہے، باقی 35 نالوں پر سندھ حکومت پہلے سے ہی کام کررہی ہے، اب نالوں پرتجاوزات ختم کرنا شروع کریں گے۔

خیال رہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران شہر کے مختلف علاقے پانی میں ڈوبے رہے ہیں اور کئی نالے بھی اوور فلو ہوئے ہیں جس کے باعث پانی آبادیوں میں داخل ہوا ہے۔