LIVE

'نیب کے خلاف نہیں بولنا': وزیراعلیٰ پنجاب کے کان میں فیاض چوہان کی سرگوشی

ویب ڈیسک
August 09, 2020
 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی میڈیا سے گفتگو کے دوران  وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی سرگوشی کیمرے نے ریکارڈ کرلی۔

لاہور میں شجر کاری مہم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ایک صحافی نے ان سے قومی احتساب بیورو (نیب) سے متعلق سوال پوچھا تو جواب دینے سے پہلے فیاض الحسن چوہان نے عثمان بزدار کے کان میں سرگوشی کی کہ 'نیب کے خلاف نہیں بولنا'۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نیب ایک بار نہیں 10 بار بھی بلائے تو وہ پیش ہوں گے، ہمارا دامن صاف ہے تو ہمیں ڈرنے کی ضرورت نہیں،ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے۔

خیال رہے کہ نیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 12 اگست کو طلب کررکھا ہے،ان پر ایک ہوٹل کو غیر قانونی طور پر شراب کا لائسنس جاری کرانے کا الزام ہے۔ 

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹل کو شراب کا لائسنس جاری کرنا ڈی جی ایکسائز کا کام ہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب نے شراب کا لائسنس جاری کرانے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا ہے۔