LIVE

سندھ اور پنجاب میں آج سے ریسٹورینٹس سمیت دیگر کاروبار بحال

طلحہ ہاشمی
August 10, 2020
 

فائل فوٹو

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں میں نمایاں کمی کے بعد صوبائی حکومت نے خوشخبری سنادی۔

 سندھ میں 5 ماہ بعد آج سے لاک ڈاؤن کی پابندیاں نرم کی جارہی ہیں اور آج سے تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں کی جاسکیں گی تاہم کاروباری پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ایس اوپیز کا نفاذ ہوگا۔

ہوٹلز، ریسٹورینٹس رات 10 بجے تک کھلے رکھے جاسکیں گے اور ٹیبل سروس بھی ہوسکیں گی جب کہ  شادی ہالز اور تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ آئندہ ماہ ہوگا۔

تاہم اب تک محکمہ داخلہ سندھ نے اس سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا اور نہ ہی ایس او پیز جاری کی ہیں۔

حکومت سندھ نے 14 مارچ کو کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پابندیاں لگائی تھیں اور اب اس کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد پابندیاں ہٹائی جا رہی ہیں۔

پنجاب میں بھی آج سے بازار کھلیں گے

دوسری جانب پنجاب میں بھی بازار اور شاپنگ مالز آج سے حفاظتی انتظامات کے ساتھ کھل جائیں گے۔ 

کورونا لاک ڈاؤن سے پہلے کے اوقات کار کے مطابق کاروبار چلے گا، ریسٹورنٹس میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ بیٹھکیں لگیں گی جب کہ سنیما کی اسکرینز بھی جگمگائیں گی۔

ایس او پیز کے تحت پنجاب کے سنیما ہالز میں آنے والوں کو ماسک پہننا ہوگا،گنجائش سے 40 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جب کہ تھیٹرز میں بھی شوز ہوں گے لیکن 6 فٹ کا سماجی فاصلہ رکھنا بھی لازم ہوگا۔

 ریسٹورینٹ کےڈائننگ ہال  میں 50 فیصدتک لوگوں کوکھاناکھانےکی اجازت ہوگی، ہر ٹیبل کےدرمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائےگا، پلے ایریاز بند رکھےجائیں گے۔