LIVE

کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق سپریم کورٹ کا تحریری حکم جاری

ویب ڈیسک
August 13, 2020
 

سپریم کورٹ کا کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق تحریری حکم جاری کردیا گیا ہے۔

عدالتی حکم کے مطابق سپریم کورٹ نے سرکلرریلوے پرانڈرپاسز کی تعمیر کا کام فرنٹيئر وركس آرگنائزيشن (ایف ڈبلیو او) کودینے کی سندھ حکومت کی تجویز منظور کرلی ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ سرکلر ریلوے کے لیے ٹریک بچھانے کا کام جاری رکھا جائے اور ٹریک کے دونوں اطراف باڑ لگائی جائے۔

عدالت کی جانب سے ایف ڈبلیو اوکو سرکلر ریلوے کے لیے انڈرپاسزکی تعمیرکاکام 6 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالتی حکم نامے میں کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی میں تمام رکاوٹیں فوری ختم کرنے اور پاکستان ریلوے اور  سندھ حکومت کو اشتراک سے دیگر کام جاری رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 10 اگست کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے سیکرٹری ریلوے کو ہدایت کی تھی کہ سرکلر ریلوے اسی سال چلنی چاہیے۔