LIVE

دفتر خارجہ کو پاک سعودی تعلقات میں حد سے زیادہ احتیاط برتنی چاہیے تھی، چوہدری برادران

ویب ڈیسک
August 13, 2020
 

مسلم لیگ ق کے قائدین چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ہمارا بھائی اور عقیدتوں کا مرکز ہے، دفتر خارجہ کو پاک سعودی تعلقات میں حد سے زیادہ احتیاط برتنی چاہیے تھی، ہر چیز ہر وقت پبلک کرنے کی نہیں ہوتی۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری برادران نےکہاکہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، جس طرح کےتعلقات سعودی عرب کے ساتھ ہیں، خاموشی سے جاکر بات کرنی چاہیےتھی، یہ کون سی ڈپلومیسی ہے کہ گھر بیٹھ کر شور مچانا شروع کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا بیان دینے کی کیا ضرورت تھی جس کے بعد وضاحتیں جاری کرنا پڑیں،سب سے زیادہ زرِ مبادلہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بھیجتے ہیں،کسی کو حق حاصل نہیں کہ وہ اسلامی برادر ممالک سےتعلقات میں خرابی پیدا کرے۔

چوہدری برادران نےکہاکہ اس سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے،ان شاء اللہ ہر محب وطن پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کوشش ناکام بنائے گا۔