LIVE

پاکستان میں کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی منظوری

خاور خان,ویب ڈیسک
August 18, 2020
 

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک میں کورونا وائرس کی  ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔

سربراہ انڈس اسپتال کراچی ڈاکٹرعبدالباری کے مطابق یہ ویکسین چین میں تیار کی گئی ہے اور اس کی آزمائش 2 مراحل میں چین کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ہوچکی ہے۔

ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا ہے کہ ویکسین کے تیسرے مرحلے کے  ٹرائل کے لیے قومی ادارہ صحت نے منظوری مانگی تھی جس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے قومی ادارہ صحت کے اشتراک سے 2 منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

سربراہ انڈس اسپتال کا کہنا تھا کہ 2 میں سے ایک آزمائش کا منصوبہ انڈس اسپتال اور جامعہ کراچی مل کر کریں گے جب کہ دوسرے منصوبے میں انڈس، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز ( این آئی بی ڈی)، آغا خان اور شوکت خانم اسپتال مشترکہ طور پر ٹرائل کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین کے ٹرائل کے مکمل ہونے میں 3 سے 6 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 21 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 7 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

چین،امریکا،برطانیہ،روس،آسٹریلیا اور اسرائیل سمیت دنیا کے مختلف ممالک ویکسین کی تیاری کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں اور مختلف ممالک میں اس کی انسانوں پر آزمائش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

روس نے تو  کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے تاہم امریکا اور عالمی ادارہ صحت نے فی الحال روسی ویکسین پر شکوک و شبہات کا اظہار ہے۔