LIVE

فیصل آباد میں رفاعی پلاٹوں اور گرین بیلٹس پر قائم تمام تجاوزات ختم کرنے کا حکم

ویب ڈیسک
August 19, 2020
 

سپریم کورٹ نے فیصل آباد میں رفاعی پلاٹوں اور گرین بیلٹس پر قائم تمام پٹرول پمپس اور تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

فیصل آباد میں گرین بیلٹس پر قائم غیر قانونی پیٹرول پمپس سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

چیف جسٹس نے کمشنر فیصل آباد سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر صاحب پورے شہر کے چپے چپے کا سروے کریں، زمین جس مقصد کے لیے مختص ہوئی اس پر صرف وہی کام ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا شہر میں گرین بیلٹس اور پارکس میں بنے پیٹرول پمپس ہٹ گئے؟ جس پر کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ دونوں جگہوں سے پیٹرول پمپس ختم کر دیے ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ گرین بیلٹس کی زمین پر پمپ کیسے بن گیا؟ جس پر کمشنر کراچی نے جواب دیا کہ یہ زمین 30 سال پہلے لیز کی گئی تھی۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ معاملے کا جائزہ لے کر ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیں۔

کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ عدالت کے حکم سے ہمیں طاقت ملی ہے، شہر میں گرین بیلٹس پر مزید ایسی تجاوزات ہیں، سب کے خلاف ایکشن ہو گا۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں رفاعی، گرین بیلٹس پر ایسی تجاوزات کے خلاف ایکشن لے گی۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ گرین بیلٹس شہر کے پھیپھڑے ہوتے ہیں جب کہ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ شہر کو چلانا انتظامیہ کا کام ہے۔

جسٹس قاضی امین نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شہروں کا چلانا اراکین پارلیمنٹ یا ججز کا کام نہیں، ایسی جگہوں پر کمرشل سرگرمیاں انتظامیہ کی ناکامی ہے۔

سپریم کورٹ نے گرین بیلٹس اور رفاعی پلاٹس پر تمام غیر قانونی سرگرمیاں ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گرین بیلٹس اور رفاعی پلاٹس کو اصل شکل میں بحال کیا جائے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے فیصل آباد کے گرین بیلٹس پر قائم پیٹرول پمپس فوری طور پر گرانے کا حکم دیا تھا۔