LIVE

جسٹس قاضی فائز کیخلاف تقریر کے ملزم مرزا افتخار کی ضمانت منظور

ویب ڈیسک
August 20, 2020
 

اسلام آباد: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف تقریر کے ملزم مرزا افتخار الدین کی ضمانت منظور ہو گئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے عدلیہ مخالف تقریر کیس کے ملزم مرزا افتخارالدین کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض منظور کی۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ملزم نے جج اور عدلیہ سے متعلق کیا کہا؟ جس پر وکیل نے کہا کہ ملزم اس بیان میں اپنے الفاظ کی حد تک معافی مانگ چکا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ توہین عدالت کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، ہم تو ضمانت دیکھ رہے ہیں۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ یہ پوری عدلیہ کو بدنام کرنے کا معاملہ ہے۔

وکیل افتخار الدین نے کہا کہ ملزم کا وہ بیان ہم نے اپلوڈ یا وائرل نہیں کیا جب کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ملزم پر انسداد دہشتگردی ایکٹ، ہتک عزت اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ ہم فیئر ٹرائل کو یقینی بنانے کے لیے ضمانت منظور کر رہے ہیں۔