LIVE

ہندو توا ایجنڈے پر نہ چلنے والے بالی وڈ اداکاروں کو بی جے پی کی دھمکی

ویب ڈیسک
August 22, 2020
 

بھارتی خاتون صحافی سواتی چترویدی کا خلیجی اخبار گلف نیوز میں ایک مضمون شائع ہوا ہے جس کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) چاہتی ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکار یا تو اس کے ایجنڈے کا ساتھ دیں یا پھر حکومت اور اس کے سوشل میڈیا ٹرولرز کی جانب سے حملوں کے لیے تیار ہو جائیں۔

سواتی چترویدی نے اپنے مضمون میں اداکار عامر خان کی ترک خاتون اول امینہ اردوان سے ملاقات کا حوالہ دیا ہے جس کے بعد عامر خان کے خلاف بھارتی سوشل میڈیا پر بدترین مہم چلائی جا رہی ہے۔

عامر خان اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ کے لیے ترکی میں ہیں۔

اس سے قبل سواتی چترویدی بھارت میں بی جے پی کی ٹرول سیاست پر ایک کتاب بھی لکھ چکی ہیں۔ 

انھوں نے لکھا ہے کہ عامر خان کے قریبی ذرائع کے مطابق عامر خان بی جے پی ٹرولز کے ردعمل پر حیران ہیں کیوں کہ ان کا خیال ہے کہ بھارت اور ترکی کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور ترک خاتون اول سے ان کی ملاقات صرف اظہار تشکر کے لیے تھی۔

خاتون صحافی کا کہنا ہے کہ  دنیا میں بھارت کے لیے نرم گوشہ پیدا کرنے میں بالی وڈ کا اہم کردار ہے، یہی وجہ ہے کہ اداکاروں کو مجبور کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ بالی وڈ اداکار عامر خان اور شاہ رخ خان کو متعدد مرتبہ ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے بھارت میں جاری عدم برداشت کے معاملے پر سخت تنقید کا سامنا رہا ہے۔ عامر خان کو تو ایک بار کچھ دن کے لیے بھارت چھوڑنا بھی پڑا تھا۔