LIVE

وزیراعظم کا عبداللہ عبداللہ سے رابطہ، افغان امن مذاکرات پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک
August 26, 2020
 

وزیر اعظم عمران خان اور افغانستان کی ہائی کونسل برائے قومی مصالحت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے مطابق وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے برادرانہ تعلقات اور تمام شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، افغان تنازع کے حل کے لیے سیاسی تصفیہ کے ذریعے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کیا اور  کہا کہ افغان رہنما افغانستان میں پائیدارامن اور ترقی کے لیے اس تاریخی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ بین الافغان مذاکرات کا انعقاد جلد سے جلد ہو۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ افغان امن عمل پرمشاورت کی جائے اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دیاجاسکے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دونوں افغان طالبان کے 7 رکنی وفد نے ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی ہے جس میں افغان امن عمل کا معاملہ زیر غور آیا تھا۔