LIVE

اسپتال میں علاج کیلئے لائےگئے نومولود کی جگہ دوسرا مردہ بچہ والدین کے حوالے

ارشاد قریشی
September 13, 2020
 

راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو اسپتال میں علاج کے لیے لائے گئے نوعمر بچے کے والدین کو اصل بچے کی جگہ انتقال شدہ بچہ تھمادیا گیا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال کے شعبہ اطفال میں پیش آیا جہاں اعجاز اور اس کی اہلیہ 3 دن کے بچے کو بیمار ہونے پر حویلیاں سے بینظیر اسپتال لائے تھے۔

شعبہ اطفال کے ڈاکٹر نے بچے کو ہیپٹائٹس کا بتاکر ایمرجنسی میں داخل کردیا اور کچھ دیر بعد خون سے لت پت مردہ بچے کی لاش دیکر اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ اعجاز اور اس کی اہلیہ نے مردہ بچے کو اپنا بچہ سمجھ کر حویلیاں میں اس کی تدفین بھی کردی تاہم تدفین کے بعد ماں نے پیمپر دیکھ کر بتایا کے یہ میرے بچے کا پیمپر نہیں اور جب بچے کا کڑا چیک کیا گیا تو اس پر بھی بچے کی والدہ کے بجائے کسی اورخاتون کا نام تھا۔

اصل حقیقت سامنے آنے کے بعد بچے کے والدین نے اسپتال پہنچ کر احتجاج کیا اور جب اسپتال انتطامیہ نے تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ بچہ تبدیل ہوگیا ہے اور انتظامیہ نے 24 گھنٹے بعد والدین کو ان کا بچہ حوالے کردیا۔

بینظیر بھٹو اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں کہ بچہ کیوں تبدیل ہوا۔