LIVE

صدر بی سی سی آئی ساروو گنگولی نے پاکستان کے حوالے سے تعصب کی انتہا کر دی

ویب ڈیسک
September 17, 2020
 

فوٹو: فائل

کرکٹ کو جینٹل مین (شرفاء) کا کھیل کہا جاتا ہے تاہم بھارتی انتہاپسندی نے اس کھیل کو بھی داغدارکر دیا ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کے صدر اور سابق بھارتی کپتان ساروو گنگولی بھی انتہاپسندوں کی متعصبانہ سوچ سے متاثر نظر آتے ہیں۔

بھارتی کرکٹ میں ساروو گنگولی کو ایک متوازن اور معتدل سوچ کا حامل شخص سمجھا جاتا ہے تاہم اس بار گنگولی کے عمل نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھی دیگر بھارتیوں کی طرح متعصب اور تنگ نظر شخص ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا کے باعث انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) 2020 متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں ہو رہی ہے اور اس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بی سی سی آئی کے صدر نے مشہور تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم شارجہ کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے مقامی حکام اور انڈین بورڈ کے اہلکاروں کے ساتھ بنائی گئی ایک تصویر سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کی۔

ساروو گنگولی نے پوسٹ کی گئی تصویر میں عقب میں موجود پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک تصویر کو دھندلا (بلر)کر دیا۔


اس حرکت پر سوشل میڈیا صارفین نے گنگولی کو خوب آڑے ہاتھوں لیا کیونکہ اسی میدان میں گنگولی نے پاکستان کے خلاف متعدد میچز کھیلے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھندلی کی گئی تصویر میں شارجہ کے ہیرو سمجھنے جانے والے پاکستانی بلے باز جاوید میانداد کے علاوہ راشد لطیف، مصباح الحق اور اظہر محمود موجود ہیں۔