LIVE

کراچی ائیر پورٹ پر بچھو کے کاٹنے سے اے ایس ایف کا جوان جاں بحق

افضل ندیم ڈوگر
September 20, 2020
 

فوٹو: فائل

کراچی ائیرپورٹ کے رن وے کے قریب بچھو کے کاٹنے سے ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کا ایک جوان جاں بحق ہوگیا۔ 

اے ایس ایف کے ترجمان کرنل عثمان تنویر تفسیر کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 12 ستمبر کو کراچی ائیرپورٹ کے رن وے کے قریب پیش آیا تھا جہاں اے ایس ایف اہلکار ندیم رن وے کے ساتھ کیمپ پر سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔ 

عثمان تنویر کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد کراچی ائیرپورٹ کے رن وے کے اطراف خود رو گھاس اُگ رہی ہے جس کی تلفی کی جارہی ہے، ویرانے کی وجہ سے سانپ اور بچھو اور حشرات الارض بھی پائے جاتے ہیں جنہیں سول ایوی ایشن کی جانب سے ختم بھی کیا جارہا ہے۔

ترجمان کے مطابق اہلکار محمد ندیم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اس میں زہر کا پھیلاؤ روکنے کے لیے طبی امداد دی گئی تھی بعد ازاں حالت بگڑنے پر اسے علاج کے دوران درجن سے زائد ڈرپس بھی لگائی گئیں۔ 

ڈرپس لگانے سے محمد ندیم کی حالت کچھ بہتر ہوئی تاہم رضائے الٰہی سے وہ 17 ستمبر کو انتقال کر گیا، لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ندیم کو آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ 

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق یہ ایک حادثاتی واقع ہے، ادارے کی جانب سے اہلکار کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی مگر خدا کو یہی منظور تھا۔ 

انہوں نے بتایا کہ ادارے کے متعلقہ شعبے کے افسران متاثرہ فیملی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان کی ہرممکن دادرسی کی جا رہی ہے۔