LIVE

گلگت بلتستان انتخابات؛ قومی سلامتی کے اداروں کا فوج کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کا مشورہ

ویب ڈیسک
September 20, 2020
 

گلگت بلتستان کے انتخابات سے متعلق قومی سلامتی کے اداروں کے حکام نے سیاسی رہنماؤں پر واضح کیا ہے کہ فوج کو انتخابی عمل سے دور  رکھاجائے۔

 ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے  سیاسی قیادت اور قومی سلامتی اداروں کے نمائندوں کے درمیان میٹنگ ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  قومی سلامتی کے اداروں کے حکام نے سیاسی رہنماؤں سے کہا ہے کہ  پاک فوج ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنے فرائض ماضی کی طرح ادا کرتی رہے گی لیکن انتخابی عمل، پولنگ اور بیلٹ جیسے معاملات میں افواج پاکستان کو دور رکھا جائے اور سول امور اور معاملات کو سول انتظامیہ ہی سرانجام دے۔

اس حوالے سے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مقتدر حلقوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ انہیں کسی کام میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں، ملک کی سلامتی اور جمہوریت انہیں عزیز ہے۔

شیخ رشید کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف ہوں گے، مقتدر حلقوں نے کہا ہےکہ جو بھی منتخب حکومت ہوگی، ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم کسی ایک حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 24 جون 2020 کو گلگت بلتستان کی سابقہ حکومت کی 5 سالہ مدت ختم ہونے کے چند روز بعد ہی نئے انتخابات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے پولنگ کے لیے 18 اگست 2020 کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم بعد ازاں مختلف وجوہات کی بناء پر الیکشن ملتوی کردیےگئے۔

چند روز قبل چیف کورٹ گلگت بلتستان نے 3 ماہ کے اندر الیکشن منعقد کروانے کا حکم دیا تھا۔