LIVE

کراچی کے علاقے کلفٹن میں جواں سال لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

طلحہ ہاشمی
September 22, 2020
 

کراچی کے علاقے کلفٹن میں ملازمت پیشہ خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

 22 سالہ لڑکی کلفٹن کے ایک مال میں ملازمت کرتی ہے جسے پیر 21 ستمبر کی رات ساڑھے نو بجے دو ملزمان نے اپنی گاڑی میں اغواء کیا اور ایک فلیٹ پر لے گئے۔

ملزمان نے لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر اسے کلفٹن میں جہاں سے اغواء کیا گیا تھا وہیں پھینک کر فرار ہوگئے۔

لڑکی گزشتہ روز پولیس کو رپورٹ کرنے کے بجائے اپنے گھر چلی گئی تھی تاہم آج اکیلے کلفٹن تھانے پہنچی جہاں پہلے واردات کا مقدمہ درج کیا گیا اور پھر اسے میڈیکل اگزامینیشن کےلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کی ابتدائی رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی کا ڈی این اے بھی کروالیا گیا ہے تاہم متاثرہ لڑکی اور اہلخانہ سامنے نہیں آنا چاہتے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی نے با اثر ملزمان کے بارے میں بتایا ہے اور جلد انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملک میں خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جب کہ حکومت نے جنسی زیادتی میں ملوث افراد کو سزائیں دینے کیلئے سخت بل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

دوسری جانب لاہور موٹروے ریپ کیس کا مرکزی ملزم عابد تاحال فرار ہے اور واقعے میں ملوث ایک ملزم شفقت جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔