LIVE

پی سی بی نے بلوچستان کے ہیڈ کوچ کے طور پر فیصل اقبال کا نام واپس لے لیا

فیضان لاکھانی
September 24, 2020
 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے بلوچستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فیصل اقبال کا نام واپس لے لیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ فیصل اقبال کا اپنے ادارے کے ساتھ اس حل طلب معاملے کو نمٹائے بغیر ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک اہم ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا خود ان کے اور ان کی ٹیم کے ساتھ غیر منصفانہ ہوگا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے تصدیق کی تھی کہ ان میں اور ان کے ادارے، پی آئی اے، کے درمیان ایک معاملہ حل طلب ہے جسے جلد حل کر لیا جائے گا۔

پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ جب پی آئی اے، فیصل اقبال کو حل طلب معاملے پر کلین چٹ دینے کے ساتھ این او سی فراہم کر دے گا تو پھر سابق ٹیسٹ کرکٹر کو دوبارہ اپنی ڈومیسٹک ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ مطابق فیصل اقبال کے اپنے ادارے سے معاملات حل ہونے تک وسیم حیدر بلوچستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔